نئی دہلی ،17؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ریواڑی میں اجتماعی عصمت دری کی متاثرہ کے لئے انصاف کو یقینی بنانے اور اس کیس کے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے، حقوق خواتین کی مختلف تنظیموں کی اراکین نے پیر کو نئی دہلی میں ہریانہ بھوں کے سامنے مظاہرہ کیا۔آل انڈیا ڈیموکریٹک وومنس ایسوسی ایشن کی ایک رکن نے کہا کہ صرف ایک ہی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر ابھی تک فرار ہیں۔ ملزمان کو پکڑنے میں پولیس کی ناکامی میں حکومت کی بے حسی ظاہر کرتی ہے۔آل انڈیا پروگریسو وومنس ایسوسی ایشن کی شینا چھبر نے کہا کہ ایک ملزم فوج کا ملازم ہے، اگر اسے سزا نہیں دی جا سکتی تو ہمارے قانون پر اعتماد کیسے برقرار رہے گا ۔ریواڑی کی 19 سالہ ایک لڑکی کا کوچنگ کلاس جاتے وقت تین افراد نے اغوا کر لیا تھا ،پھر اس مغوی لڑکی کو ویران جگہ پر لے گئے جہاں نشہ آور مشروب پلا کر باری باری منھ کالا کیا اور پھر اس کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔شاندار تعلیمی کامیابیوں کے لئے صدر کے ایوارڈ سے نوازا جا چکی اس لڑکی سے عصمت دری کے معاملے میں ہریانہ پولیس نے اتوار کو خصوصی ملزم سمیت تین افراد کو گرفتار کیا۔ فوجی اہلکار سمیت دیگر دو ملزمان کو پکڑنے کے لئے مختلف ریاستوں میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔